ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی چوری پکڑی گئی
اسلام آباد : نیپرا نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی اوور بلنگ کے معاملے پر انکوائری رپورٹ جاری کردی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک سمیت تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی اوور بلنگ کے معاملے پر انکوائری رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیاں اپنی نااہلی چھپانے کے لیے جان بوجھ کر غلط کام کر رہی ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں صارفین بالخصوص گھریلو صارفین کو غلط اور زائد بلنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
نیپرا کی جانب سے پیر کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ڈسکوز نیپرا اتھارٹی کی جانب سے منظور کردہ ٹیرف شرائط و ضوابط کے مطابق بجلی کے بل وصول کرنے میں بھی ناکام رہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپنیوں نے کنزیومر سروس مینوئل کی دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صارفین کو جھوٹے ڈیٹیکشن بل بھیجے۔
نیپرا نے جولائی اور اگست 2023 کے ماہانہ بلوں میں زائد بلنگ اور غلط میٹر ریڈنگ پر کے کے الیکٹرک اور ڈسکوز کے خلاف صارفین کی جانب سے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہونے کے بعد تین سینئر افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔
کمیٹی نے صارفین کی شکایات کی چھان بین کی اور متعلقہ ڈسکوز کے دفاتر کا دورہ کیا اور اتھارٹی کو جامع رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 30 دن سے زائد کی بلنگ مدت کی وجہ سے لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈسکوز نے صارفین کو میٹر ریڈنگ کے بغیر اوسط بلنگ بھیجی اور بلوں پر فوٹو اسنیپ پرنٹ کرنے کے علاوہ فالٹنگ میٹرز کو بروقت تبدیل کیا۔
اتھارٹی نے رپورٹ کی روشنی میں کے الیکٹرک سمیت ڈسکوز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے ڈسکوز کو ناقص میٹرز کو جلد از جلد تبدیل کرنے اور غلط چارج شدہ بلوں کو درست کرنے کے لیے 30 دن کی ڈیڈ لائن دی ہے جس میں ناکامی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اتھارٹی نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی.