نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس میں بری
اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کالعدم قرار دے کر بری کردیا۔
احتساب عدالت نے نواز شریف کو دس سال قید کی سزا سنائی تھی۔
ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف لیگل ٹیم اعظم نذیر تارڑ، امجد پرویز اور دیگر کے ہمراہ پیش ہوئے۔ نیب پراسکیوشن ٹیم بھی کمرہ عدالت میں موجود رہی۔
نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے شریک ملزمان مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اپیل منظور کر کے بری کیا گیا، شریک ملزمان پر اعانت جرم کا الزام تھا،امجد پرویز نے نیب آرڈیننس کی مختلف شقیں بھی پڑھ کر سنائیں۔