نواز شریف آج اہم شخصیات کو ن لیگ میں شامل کریں گے
کوئٹہ: قائدمسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج دو روزہ دورہ پر کوئٹہ پہنچیں گے۔
میاں محمد نواز شریف لاہور سے خصوصی پرواز کے ذریعے کوئٹہ آئیں گے ،نواز شریف کے ہمراہ شہبازشریف اور مریم نواز بھی ہوں گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء ایاز صادق گزشتہ روز ہی کوئٹہ پہنچ گئے تھے،20 سے زائد اہم رہنماء ن لیگ میں شامل ہونگے۔
سابق وزیر اعلیٰ جام کمال،بی اے پی کے سابق وزراء سردارعبد الرحمن کھیتران ، عاصم کرد گیلو، نور محمد دمڑ،کریم نوشیرانی سمیت اہم شخصیات ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے،پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں میں سے بھی شخصیات کا ن لیگ میں شمولیت کا امکان ہے۔
میاں نواز شریف مختلف پارٹیوں کے قاٸدین سے ملاقاتیں کریں گے،میاں محمد نواز شریف کوئٹہ میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے عہدیداران سے ملاقات کریں گے،میاں محمد نواز شریف 15نومبر کو کوئٹہ کا دورہ مکمل کرکے لاہور جائیں گے۔