دور دراز علاقوں میں قابل افسران تعینات کرنے کی ہدایت

0

اسلام آباد:نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے دور دراز علاقوں میں قابل افسران کی تعیناتی کیلئے واضح پالیسی تشکیل دینے اور مقابلے کا امتحان میں باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین و قانون اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کو مساوی حقوق و ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سول افسران کی تعیناتیوں اور خصوصی کوٹے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزیرِ اعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکرٹری فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے شرکت کی۔ اجلاس کو حال ہی میں منعقدہ مقابلے کے خصوصی امتحان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس متحان میں 15 ہزار سے زائد امیدواران نے حصہ لیا جس میں 3500 سے زائد کا تعلق بلوچستان سے ہے، اس امتحان میں بلوچستان کوٹے کی تقریباً 60 سے زیادہ آسامیاں شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری بھرتیوں کیلئے مقابلے کے امتحانات میں اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کی خالی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے ایسے امتحانات باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں، اقلیتوں کی مقابلے کے امتحانات میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی چلائی جائے، بلوچستان سمیت ملک کے دور دراز علاقوں میں قابل افسران کی تعیناتی کیلئے واضح پالیسی تشکیل دی جائے اور سول افسران کی روٹیشن پالیسی کو اس کی اصل روح کے مطابق بحال کیا جائے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا آئین و قانون اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کو مساوی حقوق و ترقی کے مواقع تفویض کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے ہر شہری کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.