بیلٹ اینڈ روڈ اقدام ترقی اور خوشحالی کا ضامن، وزیراعظم کی چین کے سفیر سے گفتگو
اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چین کا بیلٹ اینڈ روڈ انشئیٹو پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے،دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ معاہدوں کی بدولت چین پاکستان اقتصادی راہداری میں نئے باب کا اضافہ ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران پُرتپاک استقبال اور شاندار انتظامات پر چینی صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دورہ چین کے دوران جن مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ان پر عمل درآمد کے لیے پاکستان بھرپور اقدامات اٹھائے گا ۔ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ معاہدوں کی بدولت چین پاکستان اقتصادی راہداری میں نئے باب کا اضافہ ہو گا۔ چین کا بیلٹ اینڈ روڈ انشئیٹو پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ چین اور پاکستان کی دوستی فلک بوس پہاڑوں سے بلند اور گہرے سمندروں سے ذیادہ گہری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری —سی پیک —کے ثمرات سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ چینی سفیر نے وزیراعظم کو پاکستان کے ترقی اور معاشی استحکام میں چین کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔