چیئرمین واپڈا سے امریکی ماہر آبی وسائل کی ملاقات،
اسلام آباد :چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی سے امریکی ماہر برائے آبی وسائل الیگزینڈراکیمپبل فراری نے ملاقات کی اور پانی کی مجموعی صورتحال، ماحولیاتی تبدیلوں اور پاکستان کے آبی وسائل پر اِن تبدیلیوں کے اثرات کے بارے میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے کہا کہ آبی وسائل پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ واپڈا اپنے فرائض کی انجام دہی میں پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے پس منظر میں ماحول دوست حکمت ِ عملی پر گامزن ہے۔ اِس حکت ِ عملی کا مقصد پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر کے ذریعے پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کا حصول ہے۔ چیئرمین نے پانی اور پن بجلی کے وسائل کو فروغ دینے کے لئے امریکی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ امریکی ماہر برائے آبی وسائل کے اِس دورے سے آبی وسائل کے بہتر انتظام اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کے لئے مزیدمواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ امریکی ماہر برائے آبی وسائل کو پاکستان میں پانی اور پن بجلی کے وسائل اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے درپیش چیلنجر اور امکانات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ واپڈا کے ممبرفنانس، ممبرواٹر اور ممبرپاور بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ جنرل منیجر (کوآرڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ) واٹر نے بتایا کہ واپڈا کے فرائض منصبی،اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے عین مطابق ہیں۔امریکی ماہر برائے آبی وسائل کو واپڈا کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اُنہیں بتایاگیا کہ 2029ء تک واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کی مرحلہ وار تکمیل سے پاکستان میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں تقریباً 10 ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہوگاجبکہ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی کی پیداواری صلاحیت بھی 10 ہزار میگاواٹ کے اضافے سے 19 ہزار 500 میگاواٹ ہو جائے گی۔ msf