جے یوآئی ف نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لئے تجاویز دے دیں
اسلام آباد : جمعیت علماء اسلام ف کے 7 رکنی وفد نے سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری کی قیادت میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اورآئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں سینیٹر کامران مرتضیٰ ، مولانا عطاء الحق درویش ، جلال الدین ایڈوکیٹ ، راؤ عبدالقیوم ، عطاء اللہ شاہ ایڈوکیٹ ،نوراحمد ودیگر موجود تھے ۔
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت آئین کی دی ہوئی مدت میں صاف وشفاف الیکشن چاہتی ہے ،2018 کے بدترین انتخابات کی تاریخ نہیں دہرانی چائیے،2018 کے انتخابات کے نتیجے میں جو حکومت آئی انہوں نے معاشی بدحالی ، بیروزگاری اور لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں دیااگر آنے والے انتخابات میں 2018 کی تاریخ دھرائی گئی تو ملک کو نقصان سے کوئی نہیں بچا سکتا ،ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں جس سے پوری قوم کا اتفاق ہو ۔الیکشن کمیشن کو یہ تجویز دی کہ ہر ضلع کے الیکشن کمیشن کے سربراہ کو ڈی ۔آر ۔او بنایا جائے،الیکشن کا پورا سسٹم الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہو تب انتخابات کی شفافیت کسی حد تک ممکن ہے،مردم شماری کے نتیجے میں بلوچستان کے 63 لاکھ آبادی کو ختم کرنے کی کوشش ہورہی ہے جو بالکل ناانصافی ہے ،الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو جواب دیا ہے کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے آپ ہمیں ڈکٹیٹ نہ کریں