ہاشم ڈوگر کا ڈیموکریٹس گروپ تتر بتر ہو گیا
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کےسابق صوبائی وزیر ہاشم ڈوگر کا”ڈیموکریٹس گروپ ” ایک ہفتے میں ہی تتر بتر ہو گیا ۔
ہاشم ڈوگر،مراد راس اور ان کے دیگر ساتھیوں نے پچھلے ہفتے پی ٹی آئی چھوڑنے والے ارکان پر مشتمل ایک الگ گروپ قائم کیا تھا جس کے دو تین اجلاس بھی ہوئے، ساتھ چلنے کے وعدے وعید بھی کئے گئے پچھلے ہفتے اس گروپ کو باقاعدہ طور پر ” ڈیموکریٹس” کانام بھی دیا گیا لیکن "ڈیمو کریٹس گروپ” کے قیام کا اعلان کرنے والے سابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سب سے پہلے اپنے ہی بنائے گئے گروپ کو الوداع کہا اور جہانگیر ترین کے کیمپ میں جا کر بیٹھ گئے جس کے بعد ایک ایک کر کے ہاشم ڈوگر کے باقی ساتھی بھی انہیں چھوڑ گئے۔
ساتھیوں کے چھوڑنے پر ہاشم ڈوگر دل برداشتہ ہو گئے ہیں اور انہیں مجبوراً اپناگروپ ہی ختم کرناپڑ گیا ہے اب انہوں نےمایوس ہو کر اعلان کردیا ہے کہ ان کے ساتھی جہاں بھی جانا چاہتے ہیں چلے جائیں تاہم ان کا کہنا ہے وہ خود کسی گروپ یاجماعت میں شامل نہیں ہوں گے۔