فیڈمک میں 500 کے وی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد
فیصل آباد : وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے فیڈمک میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے لیے 500/132 کے وی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے.
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے فیصل آباد میں ساہیانوالہ انٹر چینج کے قریب شروع کیے جانیوالے اس منصوبے کا مقصد چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے منصوبوں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ یہ گرڈ سٹیشن دونوں سی پیک منصوبوں کی 600 میگاواٹ لوڈ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے قابل اعتماد اور بلاتعطل بجلی فراہم کرے گا۔
سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے اس منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے صنعتوں کو نمایاں طور پر تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ گرڈ سٹیشن 20 ارب روپے کی لاگت سے جنوری 2025 تک مکمل کیا جائے گا اور اسکے ساتھ گٹی غازی بروتھا سے ڈیڑھ کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن بھی بچھائی جائے گی.
انہوں نے این ٹی ڈی سی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کو سراہا اور گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کے نئے منصوبے شروع کرنے پر این ٹی ڈی سی مینجمنٹ کی تعریف کی.
ان کا کہنا کہ گرڈ سٹیشن اور بجلی کے دیگر منصوبوں کیلئے میٹیریل کی درآمد میں زرمبادلہ سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کرایا جائے گا. انہوں نے ایم ڈی این ٹی ڈی سی کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے.
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہمیں شکایات کے بجائے ملک کی تعمیر و ترقی میں حصّہ ڈالنا ہوگا.
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رواں مالی سال کے دوران فیصل آباد کیلئے این ٹی ڈی سی کا تیسرا اہم منصوبہ ہے. یہ منصوبہ نہ صرف توانائی کے شعبے کو فروغ دے گا بلکہ علاقے میں سماجی و اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کرے گا، یہ منصوبہ پاکستان کی قومی ترقی کے لیے این ٹی ڈی سی کے دیرینہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ٹی ڈی سی اپنے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے سرگرم عمل ہے۔ دو اہم منصوبے 220 کلومیٹر طویل 500 کے وی تھر مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور 30 کلومیٹر طویل پولان جیوانی (گوادر) ٹرانسمیشن لائن کو پہلے ہی ریکارڈ وقت میں مکمل کیا جا چکا ہے۔
سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں سی ای او فیسکو انجینئر محمد بشیر، سی ای او فیڈمک تنویر جبار، اہم سیاسی شخصیات، مقامی عمائدین، این ٹی ڈی سی کے افسران، کنٹریکٹرز اور دیگر حکام نے شرکت کی.