پاکستان اور سعودی عرب کا خطے کی صورتحال اور امن کے فروغ پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی امن و استحکام پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران سعودی وزیرِ خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی روابط کے تناظر میں اسلام آباد کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سمندری راستوں کے تحفظ اور خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر علاقائی اور عالمی پیش رفت کے حوالے سے قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔