نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالس سے ٹیلیفونک گفتگو

0

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی اور نائب صدر کاجا کالس سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جاری رابطوں اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں دونوں فریقین کے درمیان قریبی اور باقاعدہ روابط کو سراہا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔

یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالس نے امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے ادا کیے گئے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اس عمل کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے تنازعات کے حل کے لیے مسلسل سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا مثبت جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.