لبنان نے اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے پاکستان سے تعاون مانگ لیا
اسلام آباد: لبنان نے اسرائیلی حملوں کو رکوانے کے لیے پاکستان سے تعاون مانگ لیا، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
جمعرات کو ہونے والی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور لبنان میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، اور اسی سلسلے میں ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کے انعقاد کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لبنان اور اس کے عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور ان حملوں کو فوری طور پر رکوانے کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی۔
انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ بھی ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔