پٹرول قلت سے تنگ شہری، بینک ملازم گھوڑے پر دفتر پہنچ گیا

0

رادھا گنج (بھارت): ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت کی خبروں کے باعث جہاں شہری پٹرول پمپس پر طویل قطاروں میں کھڑے نظر آ رہے ہیں، وہیں ایک شخص نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے منفرد طریقہ اپنا لیا۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر دیواس میں ایک بینک ملازم نے پٹرول کی کمی کے باعث اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر گھوڑے پر دفتر جانے کو ترجیح دی۔ نجی بینک میں کلیکشن ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والے گوپال ٹھاکر جب گھوڑے پر سوار ہو کر دفتر پہنچے تو یہ منظر دیکھنے والوں کے لیے دلچسپی کا باعث بن گیا۔

گوپال ٹھاکر، جو رادھا گنج کے رہائشی ہیں، معمول کے مطابق جواہر نگر برانچ میں واقع اپنے دفتر جانے کے لیے موٹرسائیکل استعمال کرتے ہیں، تاہم پٹرول پمپس پر رش اور تیل کی قلت کے باعث انہوں نے متبادل ذریعہ اختیار کیا۔

انہوں نے تقریباً 3 کلومیٹر کا فاصلہ گھوڑے پر طے کیا اور بروقت دفتر پہنچ گئے، یوں نہ صرف ٹریفک کے مسائل سے بچے بلکہ غیر حاضری سے بھی محفوظ رہے۔ ان کے اس انوکھے انداز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.