پاکستان سے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز 18 اپریل سے ہوگا
اسلام آباد: پاکستان سے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز 18 اپریل سے ہوگا اور پہلی حج پرواز اسی روز سعودی عرب کے لیے روانہ کی جائے گی۔
ابتدائی مرحلے میں کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے حج پروازیں روانہ ہوں گی جبکہ عازمینِ حج کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں کی مکمل تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت اس سال مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے تقریباً 1 لاکھ 19 ہزار عازمینِ حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
حج آپریشن کے پہلے روز 4 پروازیں مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوں گی، جبکہ جدہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 4 مئی سے ہوگا۔ حج آپریشن کی آخری پرواز 21 مئی کو روانہ کی جائے گی۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ملک کے 8 بڑے شہروں سے حج پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ ان میں اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124، لاہور سے 104، کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے 5 پروازیں شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کو منظم اور بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔