اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس ،ایک ساتھ الیکشن اور مذاکرات پر مشاورت

0

 

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اتحادی جماعتوں کا اہم اعلی سطح مشاورتی اجلاس   وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں ملکی صورت حال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور آئینی وقانونی امور پر مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔ اجلاس نے آئینی طریقہ کار کے مطابق نگران حکومتوں کے تحت ملک میں ایک ہی دن عام انتخابات کے انعقاد کے پہلے سے بیان کردہ موقف پر مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ عیدالفطر کے بعد حکمران جماعتوں کا سربراہی اجلاس بلایا جائے تاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود تمام جماعتوں کے ساتھ پہلے سے شروع کردہ مشاورت کے قومی عمل کو اگلے مرحلے میں لیجایا جائے اور اس ضمن میں طریقہ کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیاجاسکے۔ اجلاس نے واضح کیا کہ اتحادی جماعتوں میں الیکشن کے انعقاد سے متعلق پہلے سے مشاورت اور مذاکرات کا عمل جاری ہے جس کے لئے وزیراعظم پہلے ہی ایک کمیٹی بھی بنا چکے ہیں جبکہ پی پی پی کے چئیرمن بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی کی وزیراعظم سے ملاقات بھی اسی عمل کا حصہ ہے۔ اجلاس نے اعادہ کیاکہ آئین، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے آئینی حق پر یقین رکھنے والی جماعتوں کے طور پر انتخابات کے انعقاد پر کامل یقین رکھتے ہیں۔سیاستدان کے طور پر مذاکرات کے دروازے ہم نے کسی پر بھی کبھی بھی بند نہیں کئے، نہ ہی کوئی جمہوریت پسند ایسا کر سکتا ہے۔میثاقِ معیشت کی پیشکش سے لے کر اب تک ہر مرحلے پر اتحادی حکومت نے بامعنی، سنجیدہ اور آئینی حدود کے اندر مذاکرات کے لئے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ آزادانہ، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانا بنیادی آئینی تقاضا ہے۔اجلاس نے عزم کا اعادہ کیا کہ انتخابات کے وہ تمام لوازمات یقینی بنائے جائیں جن کے نتیجے میں انتخابات کے نتائج سب جماعتوں کو قابل قبول ہوں اور الیکشن کے نتیجے میں ملک کسی نئے سیاسی عدم استحکام سے دوچار نہ ہو جو ریاست کے معاشی وقومی مفادات کے لئے ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بنے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.