شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر آسٹریا پہنچ گئے
ویانا: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر ویانا پہنچ گئے۔
ویانا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ آسٹرین مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی بھی وفد میں شامل ہیں۔

دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف آسٹرین چانسلر سے دو طرفہ ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی بات چیت کریں گے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ماحولیاتی تبدیلی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے معروف کاروباری شخصیات کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا تجارتی فورم میں شرکت اور خطاب کریں گے، جہاں کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔
مزید برآں، وزیرِ اعظم ویانا میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ خصوصی تقریب بعنوان ’’پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ‘‘ میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

وزیرِ اعظم بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں جوہری توانائی کے پُرامن استعمال اور تکنیکی تعاون پر گفتگو ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔