رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل بینکنگ کے لئے لائسنس کا اجراء
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل بینکنگ کے لیے لائسنس کا اجرا پاکستان کے بینکاری شعبے میں ایک اہم سنگِ میل اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی جانب نمایاں پیش رفت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور کویت کے دیرینہ سیاسی اور برادرانہ تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں مؤثر طور پر تبدیل کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز اسلام آباد میں رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل بینکنگ لائسنس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے رقمی بورڈ کے چیئرمین، انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل بینکنگ کا فروغ نہ صرف جدید بینکاری نظام کی بنیاد مضبوط کرے گا بلکہ مالی شمولیت اور شفاف معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف رکھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے، اور حکومت کویتی قیادت کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
رقمی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمیر اعجاز نے اس موقع پر کہا کہ رقمی بینک شرعی اصولوں کے مطابق جدید اور ڈیجیٹل بینکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بینکنگ کا آغاز پاکستان میں کیش لیس معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جبکہ تجارتی سرگرمیوں کے لیے لائسنس کا حصول ادارے کے لیے ایک نمایاں کامیابی اور اعتماد کا مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رقمی بینک تمام طبقات کی مالی شمولیت اور معاشی مواقع کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گا۔
رقمی بورڈ کے چیئرمین عبداللہ مطیری نے کہا کہ رقمی ڈیجیٹل اسلامک بینک کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے لائسنس کا اجرا ایک تاریخی لمحہ ہے، جو پاکستان اور کویت کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا عملی اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم اور پرکشش ملک ہے، اور رقمی بینک کا آغاز پاکستان کے روشن اور مستحکم معاشی مستقبل پر بھرپور اعتماد کی علامت ہے۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین رقمی بورڈ عبداللہ مطیری کو رقمی اسلامک بینک کے لیے ڈیجیٹل بینکنگ لائسنس باضابطہ طور پر پیش کیا۔