نوشکی میں شہادت پانے والے صوبیدار شوکت حسین کی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین
تلہ گنگ: غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین کے ایک اور بہادر سپوت نے مادرِ وطن پر اپنی جان نچھاور کر دی۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دورانِ ڈیوٹی جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے صوبیدار شوکت حسین کو ان کے آبائی گاؤں موگلہ، ضلع تلہ گنگ میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
شہید صوبیدار شوکت حسین کی نمازِ جنازہ آبائی گاؤں میں ادا کی گئی، جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں، عسکری افسران، اہلِ علاقہ اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی وطن کے لیے قربانی کو سلام پیش کیا۔
تدفین کے موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ شہید کے جسدِ خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹ کر پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔
شہید صوبیدار شوکت حسین نے سوگواران میں اہلیہ، والدہ،
دو کمسن بچوں اور تین بھائیوں کو چھوڑا ہے۔ علاقے میں فضا سوگوار رہی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی، جبکہ اہلِ علاقہ نے شہید کے اہلِ خانہ سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔