جیم اسٹونز میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات بڑھانے کا عزم، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں جیم اسٹونز کے ذخائر کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر قیمتی پتھروں کی برآمدات کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے
یہ بات انہوں نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں قیمتی پتھروں اور معدنیات کے فروغ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں جیم اسٹون انڈسٹری کی ترقی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات میں اضافے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں جیم اسٹون سینٹرز کے قیام کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر کو اگست 2027 تک مکمل کیا جائے۔
انہوں نے عالمی ماہرین کی معاونت سے جیم اسٹون پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیم اسٹون انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دے کر برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، اس مقصد کے لیے مجوزہ سینٹرز میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات نصب کیے جائیں اور تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی منظور شدہ جیم اسٹون پالیسی پر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے لیے چار مشاورتی سیشنز منعقد کیے جا چکے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں جیم اسٹون سینٹر کے لیے شاہراہ دستور پر جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر میں بین الاقوامی معیار کی ویلیو ایڈیشن سروسز، سرٹیفیکیشن، انکیوبیشن سینٹر اور ٹریڈ سینٹر قائم کیے جائیں گے اور اس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے دفاتر بھی موجود ہوں گے۔ جیم اسٹون کے حوالے سے جیو فینسنگ پر مبنی سائنسی روڈ میپ پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔