آٹھ اسلامی ممالک کا بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان

0

اسلام آباد: پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکی، سعودی عرب اور قطر سمیت آٹھ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے بورڈ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں وزرائے خارجہ نے کہا کہ ہر ملک اپنے قانونی اور ضروری طریقۂ کار کے مطابق شمولیتی دستاویزات پر دستخط کرے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں جاری امن کوششوں کے لیے ممالک کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے اور بورڈ آف پیس کے مشن پر عملدرآمد میں تعاون کا عزم دہرایا گیا ہے۔

یہ مشن غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے کے تحت قائم کیا گیا ہے، جس کی توثیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 نے کی ہے۔

بورڈ کا مقصد مستقل جنگ بندی کو مستحکم کرنا، غزہ کی تعمیر نو میں معاونت فراہم کرنا، اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ریاست کے قیام پر مبنی منصفانہ اور پائیدار امن کو فروغ دینا ہے، تاکہ خطے کے تمام ممالک اور عوام کے لیے امن، سلامتی اور استحکام کی راہ ہموار ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.