ہائی کورٹس کے ایڈیشنل ججز کی توثیق اور مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی سفارشات پر سندھ، لاہور اور پشاور ہائی کورٹس کے ایڈیشنل ججز کی توثیق اور بعض ججز کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی گئی۔
ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدرِ مملکت نے سندھ ہائی کورٹ کے لیے دس ایڈیشنل ججز کی توثیق کی منظوری دی ہے، جن میں جسٹس میران محمد شاہ، جسٹس مسز تسنیم سلطانہ، جسٹس ریاضت علی سحر، جسٹس محمد حسن، جسٹس عبد الحمید بھرگی، جسٹس جان علی جونیجو، جسٹس نثار احمد بھنبھرو، جسٹس علی حیدر ’آدا‘، جسٹس محمد عثمان علی ہادی اور جسٹس محمد جعفر رضا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز جسٹس خالد حسین شاہانی اور جسٹس سید فیض الحسن شاہ کی مدتِ ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے لیے جن ایڈیشنل ججز کی توثیق کی منظوری دی گئی ہے ان میں جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان، جسٹس سردار اکبر علی، جسٹس سید احسن رضا کاظمی، جسٹس ملک جاوید اقبال وینس، جسٹس محمد جواد ظفر، جسٹس خالد اسحاق، جسٹس ملک محمد اویس خالد، جسٹس چوہدری سلطان محمود، جسٹس تنویر احمد شیخ اور جسٹس مسز عبیر گل خان شامل ہیں۔
صدرِ مملکت نے لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کی مدتِ ملازمت میں بھی چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے لیے چھ ایڈیشنل ججز کی توثیق کی منظوری دی گئی ہے، جن میں جسٹس محمد طارق آفریدی، جسٹس عبد الفیاض، جسٹس صلاح الدین، جسٹس صادق علی، جسٹس سید مدثر امیر اور جسٹس قاضی جواد احسان اللہ شامل ہیں۔
اسی طرح پشاور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز جسٹس مسز فرح جمشید، جسٹس انعام اللہ خان، جسٹس ثابت اللہ خان اور جسٹس اورنگزیب کی مدتِ ملازمت میں بھی چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ایوانِ صدر کے مطابق یہ تمام منظوریوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔