کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں تبدیلی کا منصوبہ تیار

0

اسلام آباد: حکومت نے ملکی کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں تبدیلی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے اس سلسلے میں نئے ڈیزائن پر غور کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وفاقی کابینہ کو وزارتِ خزانہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، جس کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ متعارف کرائے جائیں گے۔ نئے نوٹوں میں جدید اور مؤثر سیکیورٹی تھریڈ شامل کی جائے گی تاکہ جعل سازی کی روک تھام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں پاکستان کی علاقائی و جغرافیائی تنوع، تاریخی ورثے اور یادگاروں کو نمایاں جگہ دی جائے گی، جبکہ خواتین کی قومی ترقی میں شمولیت اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم سماجی موضوعات کو بھی ڈیزائن کا حصہ بنایا جائے گا۔

دریں اثنا، وفاقی کابینہ نے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے پیش کی گئی پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کے مسودے پر مزید غور کے لیے اسے کابینہ اراکین کی آراء کی روشنی میں حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔ پالیسی میں پرائیویٹ حج آپریٹر کمپنیوں کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے رجسٹریشن اور جانچ کا نظام شامل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.