وزیراعظم کی یو اے ای کے قومی دن پر مبارکباد
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قومی دن کے موقع پر یو اے ای کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، یو اے ای کے ساتھ اپنی تاریخی اور دیرینہ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو باہمی احترام، مشترکہ مفاد اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تعلقات پر مبنی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ یو اے ای میں مقیم متحرک پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک قابل فخر پل کا کردار ادا کر رہی ہے اور یو اے ای کی ترقی و کامیابی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زید النہیان کی بصیرت افروز قیادت میں یو اے ای نے ترقی، جدیدیت اور عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور دوطرفہ شراکت داری کو دونوں ممالک کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے فروغ دیا جائے گا۔