پنجاب کے تمام سکولوں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم
لاہور: پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں سیکیورٹی انتظامات مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم اور تفصیلی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ اور اسٹاف کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدام فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔
محکمہ نے تمام تعلیمی اداروں کا فوری سیکیورٹی آڈٹ لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سکولوں میں موجود سیکیورٹی خامیوں کی نشاندہی کر کے انہیں جلد از جلد دور کیا جائے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی پروٹوکول پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں، سکول ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سکولوں کے روزانہ معائنے کریں اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی رپورٹس فوری طور پر جمع کرائیں۔
دوسری جانب، دانش سکول اتھارٹی اور کیڈٹ کالجز کے پرنسپلز کو بھی خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی سیکیورٹی پلاننگ کا ازسرِ نو جائزہ لیں اور اضافی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔