روشن معیشت بجلی پیکیج کا اعلان،صنعتی و زرعی شعبوں کو اضافی بجلی 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ ملے گی

0

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملکی صنعت و زراعت کی ترقی کیلئے روشن معیشت بجلی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔

صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین و کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں پیکیج کا اعلان کیا گیا ۔

پیکیج کے تحت صنعتوں اور کسانوں کو آئندہ تین سالوں (نومبر 2025 سے اکتوبر 2028) میں رعایتی قیمت پر اضافی بجلی فراہم کی جائے گی

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کو 34 روپے اور زرعی شعبے کو 38 روپے پر ملنے والے یونٹس کی قیمت کو خاطر خواہ کم کرکے اضافی یونٹس فراہم کیے جائیں گے.

آئندہ تین برس میں پورا سال صنعتی و زرعی شعبے کو اضافی بجلی 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کی قیمت پر فراہم کی جائے گی.

وزیراعظم نے کہا کہ روشن معیشت بجلی پیکیج کے تحت فراہم کی جانے والی بجلی کا بوجھ نہ تو گھریلو صارفین اور نہ ہی کوئی دیگر شعبہ اٹھائے گا.وزیر بجلی سردار اویس لغاری اور انکی ٹیم کی اس پیکیج کی تیاری کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں،ملکی معیشت کی ترقی اور روزگار میں اضافے کیلئے صنعت و زراعت کی ترقی انتہائی ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی صنعتوں اور زرعی شعبے کی خطے میں مسابقت بڑھانے اور کاروباری سہولیات میں اضافے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں،گزشتہ برس موسم سرما میں دیئے جانے والے پیکیج کے تحت صنعتی و زرعی شعبے نے 410 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال کی. جسکی بدولت صنعتوں کا پہیہ چلا، برآمدات میں اضافہ ہوا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے.

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ معاشی بحران سے معاشی استحکام کا سفر کٹھن ضرور تھا لیکن معاشی ٹیم کی محنت اور آپ سب کے تعاون سے یہ ممکن ہوا،صنعت و زراعت کے شعبے ترقی کریں گے تو ملک کو قرضوں سے نجات ملے گی،اللہ کے فضل کرم سے بہتر پالیسیوں کی بدولت معاشی اشاریے بہتر ہوئے،مگر ہم سب کو مل کر ابھی مزید محنت کرنی ہے.

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پختہ یقین ہے کہ آپ کے تعاون اور معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت سے پاکستان کی معاشی خودمختاری کا ہدف جلد حاصل کر لیں گے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.