بجلی کے مؤثر استعمال سے صنعتی و زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جامع حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزارتِ توانائی کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کی پیداوار کے مؤثر اور جامع استعمال کے ذریعے صنعتی ترقی اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے واضح اور قابلِ عمل حکمتِ عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے زرعی اور صنعتی شعبوں کی بحالی اور سہولت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاور ڈویژن کے اصلاحاتی پیکج سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں صنعتی و زرعی شعبوں کے لیے بجلی کے بہتر استعمال سے متعلق مختلف تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت دی کہ صنعتی پیداوار میں اضافے اور سرمایہ کاروں و صنعت کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جامع پالیسی سفارشات مرتب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے بہتر استعمال سے نہ صرف صنعتی مصنوعات کی مقدار اور معیار میں بہتری آئے گی بلکہ زرعی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، مشیرِ صنعت ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔