وزیراعظم برطانیہ کے چار روزہ سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے

0

لندن : وزیراعظم محمد شہباز شریف برطانیہ کے چار روزہ سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف اور عطا اللہ تارڑ شامل ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم برطانوی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

وزیراعظم اپنے قیام کے دوران پاکستانی بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے اور پاکستانی کمیونٹی کے کنونشن سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر وہ کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔

وزیراعظم نے لندن آمد سے قبل جنیوا میں مختصر قیام کے دوران سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی عیادت کی۔ محمد نواز شریف آئندہ چند روز میں لندن پہنچنے کا امکان ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے دورہ برطانیہ کی تکمیل کے بعد 21 ستمبر کو امریکہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب اور مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ تعاون کو نئی جہتوں سے استوار کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.