پاکستان کا کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ

0

اسلام آباد:پاکستان کی حکومت اور عوام نے یوم یکجہتی کشمیر منایاجس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کو اجاگر کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے صدر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر خطوط لکھے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اقوام متحدہ کے زیر اہتمام جموں و کشمیر میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کرانے پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قیادت پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یوم یکجہتی کشمیر سے قبل اسلام آباد میں مقیم سفارت کاروں کومقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔سیکرٹری خارجہ کی قیادت میں وزارت کے افسران اور عملے کے ارکان نے بدھ کی صبح کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر منعقدہ ’یوم یکجہتی واک‘ میں شرکت کی ملک بھر میں اور دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنز میں سیمینارز، ویبینرز، عوامی ریلیوں اور تصویری نمائشوں سمیت دیگر سرگرمیوں کی ایک وسیع رینج کا انعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.