ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ نے اپنے خلاف توہین عدالت کا نوٹس چیلنج کر دیا

0

اسلام آباد : ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ نذر عباس نے اپنے خلاف توہین عدالت کے نوٹس کو انٹرا کورٹ اپیل (ICA) کے ذریعے چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کارروائی روک دی جائے اور ان کی ملازمت سے برطرفی کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے.

جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں جوڈیشل رجسٹرار کے آئی سی اے پر چھ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے جس میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید اور مسز جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے گزشتہ روز توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے منگل 21 جنوری کو ایک باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے ایڈیشنل رجسٹرار کو آئینی بنچ کا کیس باقاعدہ بینچ کے سامنے مقرر کرنے اور عدالت کا وقت اور وسائل ضائع کرنے کی بنیاد پر ان کی خدمات سے ہٹا دیا تھا اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی تھی۔

انٹرا کورٹ اپیل میں ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) نذر عباس نے عدالت کے سامنے استدعا کی کہ انہوں نے عدالتی حکم سے انحراف نہیں کیا اور صرف پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو اس حوالے سے ایک نوٹ لکھا ہے۔ انہوں نے عدالت سے توہین عدالت کے نوٹس پر کارروائی روکنے کی بھی استدعا کی ہے۔عدالت نے اس معاملے کی سماعت کے لیے چھ رکنی بنچ تشکیل دیتے ہوئے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.