کیپیٹل ہسپتال اسلام آباد میں جدید ترین ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح
اسلام آباد:چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)محمد علی رندھاوا نے کیپیٹل اسپتال اسلام آباد میں 3 سال کی عمر تک کے بچوں کے لئے بنائے گئے جدید ترین ڈے کیئر سینٹر اور ارلی چائلڈہڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ ڈے کیئر سینٹر یونیسف کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔
بدھ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسپتال میں نئے قائم کردہ پیڈیایٹرک ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل اسپتال، یونیسف کے نمائندے اور اتھارٹی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈے کیئر سینٹر میں لائیو مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کو مسلسل دیکھ سکتے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ جدید سہولت پاکستان میں کسی بھی چائلڈ کیئر سینٹر میں پہلی بار متعارف کروائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام والدین کے اطمینان کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ملک میں چائلڈ کیئر سروسز کے لیے ایک نیا معیار قائم کرے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ اقدام ابتدائی بچپن کی نشوونما کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم ہے اور اس سے ورکنگ والدین کو معیاری ڈے کیئر کی سہولت میسر آئے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے یونیسف کا اس منصوبے میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا اور سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اور دیگر صحت کے مراکز میں اسی طرح کے ڈے کیئر سینٹرز قائم کرنے کے لیے مزید تعاون پر درخواست دیا۔کیپیٹل اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نعیم تاج نے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا کہ سینٹر کو ماں کے دودھ پلانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں کام کرنے والی مائیں اپنے بچوں کو آرام دہ ماحول میں دودھ پلا سکتی ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ سینٹر کا مقصد بچوں کی جسمانی اور جذباتی صحت پر توجہ دیتے ہوئے ان کی صحت مند نشوونما کو یقینی بنانا ہے۔