عازمین حج کےلئے پاکستان سے ہی سرکاری ناظمین مقرر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد:وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو گھر سے گھر تک سہولیات کی فراہمی اور مناسک حج کی ادائیگی کےلئے ایک نئی پالیسی تشکیل دی ہے جس کے تحت عازمین کےلئے پاکستان سے ہی سرکاری ناظمین مقرر کئے جائیں گے۔
وزارت مذہبی امورکے ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر600 ناظمین مقرر ہونگے،150عازمین پر ایک ناظم گھرسے گھر تک اپنے گروپ کی مدد اور سہولیات کی فراہمی کےلئے خدمات سرانجام دے گا، تمام عازمین اپنے گروپ ناظم کی قیادت میں ہوائی اڈے پر جمع ہونگے .
ناظم پاکستان سے روانگی اور واپسی تک پورے گروپ کا نگران ہوگا، ناظم پاکستان سے عازمین کے ساتھ جائے گا اور واپسی تک ساتھ رہے گا، ناظمین سعودی عرب میں رہائش اور مناسک حج میں رہنمائی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ناظم کی معاونت سے فریضہ حج بہتر طریقہ سے ادا ہوگا۔
فلائٹ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی عازمین کو ان کے متعلقہ ناظم کی اطلاع دیدی جائے گی۔