وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی نے این ٹی ڈی سی کی ہائی وولٹیج اور شارٹ سرکٹ لیب فیصل آبادکوعالمی معیار کی لیب کادرجہ دیدیا
لاہور : نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی ہائی وولٹیج اور شارٹ سرکٹ لیب فیصل آباد کو تین سال کیلئے بین الاقوامی معیارکی حامل لیب کا درجہ دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل عتیق الرحمان میمن نے چیف انجینئر ایچ وی اینڈ ایس سی لیب روات انجینئر بشیر احمد کو ایکریڈیٹیشن سرٹیفکیٹ دیا۔
اس سے قبل 5 اور6 دسمبر 2022ءکووزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل کی ٹیم نے حتمی فیصلے کیلئے ایچ وی اینڈ ایس سی لیب فیصل آباد کا دورہ کیا تھااور لیب کی ایکریڈیٹیشن کی سفارش کی تھی۔منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے اس کامیابی پر لیب ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
این ٹی ڈی سی کی ہائی وولٹیج اور شارٹ سرکٹ لیب فیصل آباد واپڈا،این ٹی ڈی سی، جنریشن کمپنیز، ڈسٹری بیوشن کمپنیز اور اس سے وابستہ فرمز،کمپنیز کو کیبلز، ہارڈویئر، سٹیشن ہارڈ ویئر، ٹرانسفارمر ہارڈویئراور تعمیراتی میٹریل سمیت 118 قسم کے مواد کی جانچ پڑتال کیلئے خدمات فراہم کررہی ہے جس کا مقصدآلات کے معیاراعلیٰ اوراعتماد کو یقینی بنانا ہے۔