جسٹس یحیی آفریدی نئے چیف جسٹس ہونگے

0

اسلام آباد: خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو دوتہائی اکثریت سے چیف جسٹس سپریم کورٹ نامزد کردیا ہے۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہوا۔ سنی اتحاد کونسل کے 3 ارکان علی ظفر، بیرسٹر گوہر اور حامد رضا اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔

اجلاس میں راجہ پرویزاشرف، فاروق ایچ نائیک،سید نوید قمر،کامران مرتضیٰ، رعناانصار، احسن اقبال، شائشتہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ آصف شریک ہوئے۔کمیٹی نے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے بھیجےگئے 3 ججز کے ناموں پر غور کیا۔ سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججز میں جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔

اجلاس میں وقفے کے دوران وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اگلے چیف جسٹس پاکستان کی نامزدگی کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا دوسرا اجلاس آج رات منعقد ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ پہلے اجلاس میں بارہ میں سے نو کمیٹی ارکان نے شرکت کی۔انہوں نے کہا اگلے چیف جسٹس پاکستان کی نامزدگی کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوگی۔ وقفےکے بعد چیف جسٹس کی تقرری کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ منگل کی رات پارلیمنٹ ہائوس میں شروع ہوا۔

اجلاس کے دوسرے دور میں تینوں ناموں پر طویل بحث کے بعد کمیٹی نے نئے چیف جسٹس کےنام پر اتفاق کرلیا۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دو تہائی اکثریت کے ساتھ جسٹس یحیحی آفریڈی کو سپریم کورٹ کا چیف جسٹس نامزد کردیا ہے، کمیٹی نے نام تقرری کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوائے گی۔

واضح رہے کہ کمیٹی نئے چیف جسٹس کا نام وزیراعظم کو بھیجےگی اور پھر اس کی منظوری صدر مملکت سے لی جائےگی۔
26 ویں آئینی ترمیم کے تحت نئے چیف جسٹس کی تقرری موجودہ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ سے تین دن قبل ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.