پی ٹی آئی احتجاج کے دوران شہید ہونیوالے کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
عبدالحمید شاہ 26 نمبر چونگی کے مقام پر مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، آئی جی پنجاب عثمان انور، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، چیف کمشنر محمد علی رندھاوا اور پولیس و ایف سی اہلکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید عبدالحمید شاہ اسلام آباد پولیس میں 1988 میں بھرتی ہوئے اور وہ ایبٹ آباد کے رہائشی تھے، عبدالحمید شاہ نے3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کرکے ریٹائر ہونا تھا۔
اسلام آباد میں ڈی چوک پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوئیں، اس دوران پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی جبکہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا، جس کی زد میں آکر کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔