بیلاروس کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے، احد خان چیمہ
اسلام آباد:وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے بیلاروس کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کیلئے شفاف نظام قائم ہواہے۔
انہوں نے یہ بات منگل کویہاں بیلاروس کے وزیر توانائی الیکسی کوشنرینکو سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات اور تجارتی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ احد چیمہ نے پاک-بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن میں شرکت پر بیلاروس کے وزیر توانائی کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حکمت عملی 2027-2025 کو اہم قرار دیا جو پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے بیلاروس سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اورکہاکہ ایس آئی ایف سی (کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کا شفاف نظامقائم کیاگیاہے۔
وفاقی وزیرنے نے ساتویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا اور ٹیکسٹائل انڈسٹری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کو خوش آئند پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال اکتوبر میں وزیراعظم پاکستان بیلاروس کا دورہ کریں گے جبکہ نومبر میں صدر مملکت شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بیلاروس جائیں گے۔ بیلاروس کے وزیر توانائی الیکسی کوشنرینکو نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون پرآمادگی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے فیصلوں سے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔