فن لینڈ کی معروف آئی ٹی کمپنی ’’فورٹے اے آئی ‘‘ کی آرٹیفشل انٹیلیجنس کے تحت خودکار ایپ تیار

0

ہلسنکی:فن لینڈ کی معروف آئی ٹی کمپنی ’’فورٹے اے آئی ‘‘نے دنیا بھرکی افرادی قوت کوبا اختیار بنانے اور انہیں ملازمتوں کے حصول میں آسانی فراہم کرنے کےلئے آرٹیفشل انٹیلیجنس ( اے آئی) کے تحت ایک خودکارایپ تیار کی ہے جس کے ذریعے ملازمت کا متلاشی فرد اپنا سی وی اورخدمات کی متلاشی کمپنیاں اپنا پروفائل مذکورہ ایپ پراپ لوڈ کرکے اہلیت کی بناء پر موزوں ملازمت اورخدمات کا حصول ممکن بنا سکیں گی، ایپ رواں سال دسمبرکے آخر تک عام صارفین اور دنیا بھرکی کمپنیوں کےلئے دستیاب ہوگی۔فورٹے اے آئی کےبانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر یان کرسٹین والکونین نے ’’ اے پی پی‘‘ کوایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد عالمی افرادی قوت کو با اختیار بنانا ہے کیونکہ آج کے تیز رفتار ڈیجیٹل دو ر میں لوگوں کے لئے ملازمت کا حصول اور کمپنیوں کےلئے مطلوبہ اہلیت کے حامل ورکرز تک رسائی ایک مشکل کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’فورٹے اے آئی‘‘ ایپ ان چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ایک جامع حل فراہم کرے گی اور ملازمت کے متلاشیوں طلباء ، کمپنیوں اور فری لانسرز کو یکساں طور پر با اختیار بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’فورٹے اے آئی‘‘پلیٹ فارم پرکسی کو بھی اپنے تجربے اور اہلیت کو دوبارہ لکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ایپ خود کار انداز میں ان کو مدد فراہم کرے گی تاہم ملازمت کے متلاشی صارف کا سی وی اورکمپنیوں کا پروفائل مکمل اور اپ ٹو ڈیٹ ہونا چاہئے، ملازمت کے متلاشیوں اور کمپنیوں کےلئے یہ ایپ گیم چینجر ثابت ہوگی ، حال ہی میں فارغ التحصیل ہوں ، تجربہ کار یا پیشہ ور ہو ں یا فری لانسر ز ہوں، سیلف رائٹنگ ریزیومے ملازمت کے متلاشیوں اور طلباء کےلئے ایک انقلابی وژن ہے، اس ایپ کے ذریعے لوگوں کی بار بار اپنے سی وی کو اپ ٹو ڈیٹ کرنے کی مشقت بھی ختم ہوجائے اور ان کا قیمتی وقت بھی بچے گا، وہ اے آئی ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ ہر جاب، پوسٹنگ ، پراجیکٹ یا کیریئر کے مواقعوں کے عین مطابق تقاضوں سے ہم آہنگ ہوسکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں یان کرسٹین والکونین نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم روایتی جاب بورڈزسے آگے جانے کےلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، یہ فعال طور پر ایسے مواقعے کی تلاش کرے گا جو لوگوں کی مہارتوں اور ترجیحات کے مطابق ہونگی جس کے ذریعے ملازمت کی تلاش کے عمل کومزید موثر بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے مثال دی کہ فورٹے اے آئی انٹرن شپ، انٹری لیول پوزیشنزیا فری لانس گیگس کی شناخت کرتا ہے ، طلباء کے مطالعے کے مخصوص شعبوں سے مطابقت اور کیریئر میں تبدیلی کے خواہاں پیشہ ور افراد کےلئے بھی یہ سود مند ثابت ہوگی،نوکری کی تلاش میں طویل وقت صرف کئے بغیر انہیں مناسب روزگارتلاش کرنے میں مدد کرے گی۔کمپنیوں کے حوالے سے ایپ کی افادیت پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ایپ ملازمت کے متلاشیوں کے علاوہ کمپنیوں کی طر ف سے لوگوں کی خدمات حاصل کرنے میں بھی انقلا ب برپا کرے گی کیونکہ روایتی بھرتیوں کا عمل نہ صرف وقت طلب ہوتا ہے بلکہ اس میں اکثرسینکڑوں ہزاروں سی ویز کو چھاننا انتہائی دقت طلب اور مشکل ہوتا ہے، کمپنیاں اس ایپ کے ذریعے اس مشکل سے چھٹکارہ حاصل کرسکیں گی، اس پلیٹ فارم کے ذریعے اے آئی سے چلنے والے ایجنٹ سوارمزکا استعمال کرتے ہوئے کمپنیوں کونوکریوں کے اشتہار دینے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ خود بخود ٹیلنٹ کی تلاش کرسکیں گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملازمتیں حاصل کرنے والے افراد اور ملازمت دینے والی کمپنیوں سے فورٹے اے آئی کوئی معاوضہ یا کمیشن وصول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایپ رواں سال دسمبر تک عام صارفین اور کمپنیوں کے لئے دستیاب ہوگی، یہ ایپ تیار ہوچکی ہے اس کادائرہ کاروسیع کیاجارہا ہے تاکہ دنیا بھرکے صارفین اور کمپنیاں اس سے مستفید ہوسکیں،درخواست جمع کرانے سے لے کرنوکری کے حصول تک فورٹےاے آئی موثر ٹریکنگ اور خودکارنظام کے تحت سارا کام خود کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ کام ایک تحریک کے طور پر شرو ع کیا ہے تاکہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ عالمی سطح پر لوگوں کےلئے روزگار کے حصول کو آسان بنایا جاسکے اور کمپنیاں بھی لوگوں کی خدمات حاصل کرنے میں یکساں طور پرمواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.