انتشاری ٹولے کے رنگ لیڈر عمران خان کو معافی نہیں ہونی چاہئے،عطاءاللہ تارڑ
لاہور :وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خود احتسابی ہر ادارے کو اپنانی چاہئے، احتساب کی طرف بڑھتے ہوئے ملک میں انتشار کو روکا جا رہا ہے، انتشاری ٹولے کے رنگ لیڈر عمران خان نے ذاتی مفادات کے لئے ملک کو نقصان پہنچایا، اس کی کوئی معافی نہیں ہونی چاہئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر معاشی اور سیاسی استحکام کے لئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جلد قوم سے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے، عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں خطاب کے دوران عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بہت جلد قوم سے خطاب کرتے ہوئے اقتصادی پلان کا اعلان کریں گے اور اگلے پانچ سال کا معاشی منصوبہ قوم کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک ادارے نے خود احتسابی کو فروغ دیتے ہوئے احتساب کا عمل شروع کیا جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کی طرف بڑھتے ہوئے ملک میں انتشار کو روکا جا رہا ہے۔ خود احتسابی ہر ادارے کو اپنانی چاہئے، فوج کی جانب سے احتساب کا آغاز بہت اچھا عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز سے ثابت ہوتا ہے کہ جنرل فیض حمید سے تحقیقات کے نتیجے میں تین افسران کو تحویل میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے لیڈر کی ایماءپر ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلائی جا رہی تھی۔ عمران خان کی منشاءپر سازشیں کی جا رہی تھیں، ملک کو غیر مستحکم کیا جا رہا تھا، تحریک عدم اعتماد کے وقت بھی فیض حمید اور ان کے ساتھی عمران خان سے رابطے میں تھے اور سیاسی جوڑ توڑ میں بھرپور حصہ لے رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی سلامتی داﺅ پر لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، فیض حمید کی گرفتاری کے بعد جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے یوں لگتا ہے مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی اور اس کا دائرہ کار صرف فوج کے ادارے تک نہیں رہے گا اس میں جو بھی ملوث ہوگا، قانون کے شکنجے میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل سے بھی رابطے تھے، اب کوشش کی جا رہی ہے کہ اس سے کنارہ کشی کی جائے تو ایسے اس سے دور نہیں کیا جا سکتا۔ مزید شواہد سامنے آ رہے ہیں، 9 مئی کے حملے، آئی ایم ایف کو خط لکھنا یہ تمام تر ملک دشمن اقدامات اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے انتشاری ٹولے کے ساتھ مل کر ملک کو نقصان پہنچایا، عمران خان جیل سے رابطوں کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم کر رہے ہیں، اب ایسا نہیں چلے گا، اس عمل میں کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ ملک ترقی کرے گا، معیشت مستحکم ہوگی، ہم بحالی کے سفر پر چل پڑے ہیں، روپیہ مستحکم ہو گیا ہے، اچھی خبریں آ رہی ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہو۔ انہوں نے کہا کہ انتشاری ٹولے کا احتساب ضروری ہے، جیسے جیسے تحقیقات بڑھیں گی مزید لوگوں کے نام بھی سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتشاری ٹولے کے رنگ لیڈر عمران خان نے مفادات کے لئے ملک کو نقصان پہنچایا اور اس کی کوئی معافی نہیں ہونی چاہئے۔