وزیراعظم کی ارشد ندیم کے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے پر قوم کو مبارکباد
اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی جیولن تھرو ایتھلیٹ، ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے نہ صرف سونے کا تمغہ جیتا بلکہ اولمپکس کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا. پوری قوم کو ارشد ندیم پر فخر ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں وزیرِ اعظم کہا کہ ارشد ندیم نے کوئی بھی فاؤل کئے بغیر دو تھرو 90 میٹر سے زائد فاصلے پر پھینکیں، جو انکی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے. انہوں نے کہا کہ
ارشد ندیم نے پوری پاکستانی قوم کو ایک بہت ہی خوبصورت تحفہ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم اولپکس ریکارڈ بنا کر پاکستان اورا ولمپکس کی تاریخ میں امر ہو گئے. پوری قوم کو ارشد ندیم پر فخر ہے.ا نہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے محنت اور لگن سے یہ اعزاز اپنے نام کیا اور پاکستان کا پوری دنیا میں نام روشن کیا. وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہائیوں بعد ارشد ندیم وہ پاکستانی ایتھلیٹ ہیں جن کی شاندار کارکردگی کی بدولت اولمپکس میں سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی. اس شاندار کامیابی کا سہرا ارشد ندیم اور اس کے اہل خانہ کی محنت کو جاتا ہے. وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ ملاقات میں ارشد ندیم کو میں نے بلند حوصلہ اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے جذبے سے بھرپور پایا. پوری قوم اس کامیابی پر رب کے حضور سر بسجود ہے.
ارشد ندیم کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلئے ایک قابلِ تقلید مثال ہے. انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی اولمپکس میں شاندار کامیابی یہ ثابت کرتی ہے کہ مقصد کیلئے سچی لگن ہو تو کامیابی ضرور قدم چومتی ہے.