قومی اسمبلی میں امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف قرارداد منظور

0

اسلام آباد:قومی اسمبلی نے امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظوری دے دی ۔
سنی اتحاد کونسل نے قرارداد کی مخالفت کی سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں،نعرے لگائے اور شور شرابہ کیا۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے انتخابات میں کروڑوں پاکستانیوں نے ووٹ دیے ہیں اور امریکی قرارداد حقائق پر مبنی نہیں۔
قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کریگا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کو غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دینی چاہیے۔
قرارداد میں کہا ہے کہ ایوان چاہتا ہے کہ پاک امریکا تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہوں۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظورکی تاہم سنی اتحاد کونسل نے قرارداد کی مخالفت کی اور ایوان میں شدید نعرے بازی کی۔ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور سائفر سائفر اور شیم شیم کے نعرے لگائے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں اچھال دیں۔
اپوزیشن کی جانب سے شور شرابے پر شائستہ پرویز ملک نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ساری دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ہمیں اس کی مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شرم آتی ہے کہ اس وقت پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہو رہا ہے اور یہ لوگ اس حملے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، شگفتہ جمانی نے کہا کہ اپنے آپ کو پاکستانی کہلانے کا حق نہیں، یہ ہمارا ملک ہے اور ہمارے ملک میں مداخلت چھوڑ دیں ۔انہوں نے امریکا کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ تم نے پوری دنیا میں دہشت گردی مچائی ہوئی ہے، ہم تمہیں پاکستان میں دہشت گردی نہیں کرنے دیں گے اور ایسے لوگوں کو ڈوب مرنا چاہیے جو ان کے کندھوں پر چڑھ کر آتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.