شام کےساتھ باہمی اعتماد اور حمایت کی حامل سٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے،چینی وزیر خارجہ
بیجنگ:چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین اور شام نے باہمی اعتماد اور حمایت کی حامل سٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق یہ بات انہوں نے گزشتہ روز چین کے دارالحکومت بیجنگ میں شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد سے ملاقات کے دوران کہی جو چین عرب تعاون فورم کی 10ویں وزارتی کانفرنس میں شرکت کے لیے بیجنگ میں ہیں۔ چینی وزیر خارجہ نے عرب لیگ میں واپسی پر شام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین اور شام نے گزشتہ ستمبر میں سٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کا اعلان کیا، جس سے دو طرفہ تعلقات کے لیے ایک نیا خاکہ تیار ہو اہے۔
انہوں نے کہا کہ چین شام کی قومی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے اور اس کی قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کے تحفظ میں شامی حکومت کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ملک کے بنیادی مفادات سے متعلق مسائل پر شام کی مضبوط حمایت کو سراہتا ہے اور ہمیشہ کی طرح اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جیسے کثیرالجہتی پلیٹ فارم پر شام کے لیے بات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ شام کی عرب لیگ میں واپسی چین۔ عرب تعلقات کی ترقی میں تعمیری کردار ادا کرے گی اور اس سے چین۔شام تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔
اس موقع پر شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے کہا کہ شام چین کی طرف سے تجویز کردہ تمام عالمی اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور چین کے ساتھ مل کر باہمی احترام، مساوی سلوک اور بالادستی کی مخالفت پر مشتمل ایک بین الاقوامی نظام قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام غیر متزلزل طور پر ایک چین کے اصول پر کاربند ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تائیوان چینی سرزمین کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہے، اس حقیقت سے انکار یا اسے چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔