فلم اورٹی وی کے معروف اداکار قوی خان انتقال کرگئے
ٹورنٹو : اداکار قوی خان اپنے صاحبزادے عدنان قوی کے ساتھ کینیڈا میں مقیم تھے جہاں ان کا انتقال ہوا، اداکار قوی کینیڈا کے وان شہر کے اسپتال میں زیر علاج تھے وہ جگر کے کینسر میں مبتلا تھے۔
قوی خان کی نمازجنازہ آج پیر کو بعد نماز ظہر مسی ساگا کی جامع مسجد میں ادا کی جائے گی، انہیں کینیڈا کوبرامپٹن شہر کے میڈوویل قبرستان میں سپرِدِ خاک کیا جائے گا۔
قوی خان نے اپنا کیرئیر ریڈیو پاکستان سے شروع کیا تھا، انہوں نے بے شمار ٹی وی، ریڈیو اور اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے کم و بیش 200 فلموں میں کام کیا۔
قوی خان کو 1980 میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا، اس کے علاوہ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیاتھا۔