ممتازاداکار طلعت حسین انتقال کرگئے،صدر،وزیراعظم کا اظہار تعزیت

0

کراچی: ممتاز صداکار و اداکار طلعت حسین طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے طلعت حسین 1940 میں دہلی پیدا ہوئے تھے،طلعت حسین نے ٹی وی اور اسٹیج کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
1961 میں فضل کریم فضلی کی فلم ”چراغ چلتا رہا“ سے انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس فلم سے محمد علی، زیبا، دیبا اور کمال ایرانی نے بھی ڈیبیو کیا تھا۔ اس فلم میں طلعت حسین نے دیبا کے چھوٹے بھائی کا کردار ادا کیا تھا۔
طلعت حسین نے محمد علی اور زیبا کے ساتھ شباب کیرانوی کی فلم ”انسان اور آدمی“ میں بھی کام کیا ۔ اس فلم میں طلعت حسین پر کامیڈین رنگیلا کی آواز میں ریکارڈ کیا ہوا گانا ”ہم نے تم سے پیار کیا ہے“ فلمبند کیا گیا تھا۔
طلعت حسین نے بھارت کی فلم ”سوتن کی بیٹی“ میں وکیل کا کردار عمدگی سے ادا کیا تھا۔ پاکستان میں انہوں نے ہلچل اور دوسری بہت سے فلموں میں بھی جوہر دکھائے۔
درایں اثناء قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی کا معروف فنکار طلعت حسین کے انتقال پر گہرے دکھ وغم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مرحوم طلعت حسین کی فنون لطیفہ کیلئےگرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی پاکستانی ٹیلی ویژن ، تھئیٹر ، فلم اور ریڈیو کے ممتاز اداکار و صدا کار طلعت حسین کی وفات پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی بلندیء درجات کے لئے دعا اورمرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیاہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ طلعت حسین ایک لیجینڈ اداکار تھے جن کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا،طلعت حسین نے اپنی جاندار اداکاری کے فن سے دنیا بھر کے ڈرامہ اور فلم شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ، تھیٹر فلم اور ریڈیو کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا اسے کبھی ہر نہیں کیا جا سکے گا، وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم طلعت حسین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.