صدر زرداری بلوچستان کے سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے
کوئٹہ:صدر مملکت آصف علی زرداری بلوچستان کے سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، کوئٹہ ائیرپورٹ پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کا منصب سنبھالنے کے بعد بلوچستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ صدر مملکت کو بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی اور انہیں صوبہ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ صدر مملکت کے اعزاز میں وزیرِ اعلٰی بلوچستان عشائیہ دیں گے۔ صدر مملکت بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے نو منتخب ممبران سے بھی ملاقات کریں گے ۔
بعد ازاں صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزرا میر صادق عمرانی، علی مدد جتک، میر ظہور بلیدی، سردار عبد الرحمان کھیتران، میر سلیم کھوسہ، فیصل جمالی اور غزالہ گولہ اور رکن صوبائی اسمبلی و سنئیر رہنما پیپلز پارٹی نواب ثناءاللہ زہری نے وزیر اعلی ہاؤس میں ملاقات کی ۔