وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے سرسبز یوریا کی قیمت میں اضافہ کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد :وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے فرٹیلائزر کمپنی کی جانب سے سرسبز یوریا کی قیمت میں اضافہ کا نوٹس لیتے ہوئے مذمت کی ہے۔ انہوں نے سرسبز یوریا کی قیمت کے اضافے پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے فاطمہ فرٹیلائزر لمیٹڈ کی جانب سے سرسبز یوریا کھاد کی قیمتوں میں یکطرفہ اضافی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے سرسبز یوریا کی قیمت کے اضافے پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی نے قیمت میں 561 روپے فی یوریا بیگ اضافہ کر دیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کھاد بنانے والی کمپنی پر زور دیا کہ قیمت میں یکطرفہ اضافہ واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کمپنی سرسبز یوریا کی قیمت میں اچانک اضافے کا ٹھوس جواز پیش کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھاد کی صنعت کے لیے گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوریا کھاد کی قیمتوں میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بغیر اضافہ ناقابل قبول اور بلاجواز ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ٹھوس جواز فراہم کرنے میں ناکامی کی صورت میں وزارت صنعت و پیداوار قوانین کے مطابق قیمتوں کا تعین کرے گی۔ انہوں نے کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور کھاد کی قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کو دہرایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ ملک میں کھاد کے ریئل ٹائم سٹاک کی دستیابی کو چیک کرنے کے لیے میکنزم بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھاد بنانے والی کمپنیاں ملک بھر میں کسانوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کریں۔