بجلی منصوبوں کوقابل تجدید توانائی پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت،وزیراعظم

0

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگے تیل پر چلنے والے بجلی منصوبوں کوقابل تجدید توانائی پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے،بجلی کی ترسیل کی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے،ونڈ ،پن بجلی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے،حکومت بجلی چوری کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے ،بجلی کی چوری کی روک تھام میں پنجاب کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے، دوسرے صوبے بھی بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مربوط اقدامات اٹھائیں، این ڈی ایم اے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر جامع لائحہ عمل وضع کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں بجلی کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اوایس احمد خان لغاری ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیاجا رہا ہے۔ معیشت سے متعلق مختلف اجلاس ہو چکے ہیں۔ ملک میں بارشیں ہو رہی ہیں اس سے ڈیموں میں بھی پانی آئے اور پن بجلی کی پیداوار بڑھے گی۔ بارشوں سے جانی نقصان بھی ہو اہے ۔چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تیار کرے تاکہ جہاں جہاں بھی بارشوں سے نقصان ہواہے وہاں پر امدادی سامان پہنچایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کی روک تھام کے لئے پرعزم ہے ۔بجلی چوری کی روک تھام کے لئے پنجاب حکومت کے اقدامات حوصلہ افزا ہیں۔ دوسرے صوبوں کو بھی اس حوالےسے اقدامات کرنے چاہیئں۔ یہ ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے نظام کی استعداد بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری کے بغیر مطلوبہ فوائد کاحصول ناممکن ہے۔ بجلی کی ترسیل کے نظام میں خامیاں اور کمزوریاں دور کرنا ناگزیر ہے۔ بجلی کی ترسیل کے نظام کی استعداد بڑھانے کے لئے ماہرین کی خدمات لینے کی ضرورت ہے تاکہ بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری لائی جا سکے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ اضافی بجلی کو بھی استعمال میں لانے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ پن بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں کو قابل تجدید توانائی پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ونڈ، پن بجلی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ مافیاز ملک کی دولت کو نچوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سسٹم میں بہتری لانے کی ضرورت ہے کیونکہ 27 ارب ڈالر کی درآمدات سے ہم اپنی بجلی اور ٹرانسپورٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کررہے ہیں۔ بجلی کی پیداوار کے لئے اگر ہم متبادل ذرائع استعمال کریں تو اربو ں ڈالر کا تیل کی درآمدی بل کم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے تفصیلی منصوبہ بندی اگر کر لی جائے تو ہمیں مستقبل میں بہت فائدہ ہو گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.