یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر پھر سینیٹر منتخب

0

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سینیٹ کیلئے نشست پر 204 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان نے 88 ووٹ حاصل کئے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی ہال میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سینیٹ کی ایک جنرل نشست کیلئے ارکان قومی اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر ارکان قومی اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کے درمیان مقابلہ ہوا۔ چار بجے پولنگ کا وقت ختم ہونے پر دونوں امیدواروں کے پولنگ ایجنٹوں کے سامنے گنتی ہوئی جس کے بعد پریذائیڈنگ افسر ظفر اقبال ملک نے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی امیدوار سید یوسف رضا گیلانی نے 204 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان نے 88 ووٹ حاصل کئے

۔ اس طرح سید یوسف رضا گیلانی بھاری اکثریت سے وفاقی دارالحکومت کی سینیٹ کیلئے نشست پر سینیٹر منتخب ہو گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.