نومنتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، ایوان میں ہنگامہ ،شدید نعرے بازی

0

اسلام آباد: پاکستان کی 16 ویں قومی اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔
قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور پھر نعت رسول مقبولﷺ پیش کی گئی۔

اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین سپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو کر شدید نعرے بازی کرتے رہے اور جیسے ہی اجلاس شروع ہوا انہوں نے احتجاج اور نعرے بازی کا سلسلہ جاری رکھا۔

سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، جس پر سپیکر نے انہیں متنبہ کیا کہ پہلے حلف لیں گے، پھر بات ہوگی۔

بعد ازاں راجہ پرویز اشرف نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، تاہم اس دوران ایوان میں شدید شور شرابہ رہا، جس پر سپیکر اسمبلی نے اظہارِ برہمی کیا۔

حلف اٹھانے کے بعد سنی اتحاد کونسل کے کچھ اراکین نے نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت چاہی تو سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ رکن اسمبلی بننے کیلئے پہلے دستخط کر لیں، پھر بات کریں گے۔

حلف اٹھانے والوں میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف، امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان،سید خورشید شاہ، سردار ایاز صادق اور دیگر نو منتخب اراکین شامل ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب، بیرسٹرگوہر،علی محمد خان نے بھی حلف اٹھا لیا، استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان کو دستخط کرنے کیلئے بلایا گیا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں نعرے بازی کی جاتی رہی۔

لیگی اراکین کی جانب سے بھی نوازشریف کی آمد پر نعرے بازی کی گئی، لیگی ارکان نے ’شیر آیا، شیر آیا‘ کے نعرے لگائے، مہمانوں کی گیلری میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب اورآصفہ  بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔

 نواز شریف نے آصف زرداری کی نشست پر جا کر ان سے مصافحہ کیا۔

تقریب حلف برداری کے بعد دوسرا مرحلہ اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا الیکشن کل ہوگا اور پھر وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔

وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے، 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.