آصف زرداری بھی بلاول کے پیچھے پیچھے دبئی پہنچ گئے

0

دبئی : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بعد ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری بھی دبئی پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری اسلام آباد ایئرپورٹ سے نجی طیارے کے ذریعے دبئی روانہ ہوئے اس سے پہلے بلاول بھٹو بھی نجی طیارے کے ذریعے دبئی پہنچے تھے ان کے اچانک دبئی جانے سے خیبر پختون خواہ میں بلاول بھٹو کے جلسوں کا پروگرام دھرا رہ گیا ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے والد آصف زرداری کے انٹرویو کے چند گھنٹے بعد سوشل میڈیا پروفائل پکچر بھی تبدیل کر دی نئی تصویر میں ان کی والدہ شہید بے نظیر بھٹو کو بلاول بھٹو کے کندھوں پر ہاتھ رکھ کر مسکراتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے درمیان اختلافات کی خبروں کی تردید کی ہے اور انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ بلاول کا دبئی کا دورہ پہلے سے طے شدہ تھا وہ دو روز کے لیے گئے ہیں اور پیر کو وطن واپس پہنچیں گے، 30 نومبر کو بلاول کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کریں گے۔

بلاول بھٹو کی دبئی روانگی کی وجوہات کے حوالے سے متضاد قیاس آرائیاں سامنے آرہی ہیں اور بلاول بھٹو کے اچانک دبئی روانہ ہونے کے فورا بعد ہی آصف زرداری کی بھی دبئی جانے کی خبروں کو باپ بیٹے کے درمیان اختلافات سے تعبیر کیا جا رہا ہے جس کا پس منظر نجی ٹی وی کو آصف علی زرداری کا وہ انٹرویو بھی قرار دیا جا رہا ہے جس میں انہوں نے اپنے صاحبزادے کے بعض بیانات کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو کو زیر تربیت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ "بلاول ابھی مکمل ٹرینڈ نہیں ہوا, پڑھا لکھا ہے, اچھا بولتا ہے لیکن تجربہ تجربہ ہوتا ہے, سیاست میں سکھتے سیکھتے سیکھتے ہیں”۔
پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابرکا آصف زرداری کے انٹرویو کے بعد استعفی سامنے آگیا تھا تاہم پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق قیادت کی جانب سے استعفی کی منظوری کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ فرحت اللہ بابر کے دستخط سے ہی پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو الیکشن کے لیے ٹکٹ جاری ہونا تھے پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری دبئی میں اپنے فیملی ممبران سے ملاقات کریں گے اور وہ دو دن کے بعد واپس اسلام آباد پہنچیں گے۔
دبئی میں قیام کے دوران ان کی بلاول بھٹو سے بھی ملاقات میں معاملات طے پانے کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.