اپنے گھر کا خواب مہنگا، ڈالر بحران نے سریے کی قیمت 60 ہزار روپے تک بڑھا دی۔
سریا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے دکانداروں کیساتھ خریدار بھی پریشان، ایل سیز کی بندش کے باعث کیمکلز بھی امپورٹ نہیں ہورہا،
ملک میں خام مال اسکریب کی عدم دستیابی اور امپورٹ بند ہونے سے سریے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوگیا ہے۔ یومیہ نرخ بڑھنے سے قیمت اڑھائی لاکھ روپے تک پہنچ گئی، ایل سیز نہ کھلنے اور موجودہ ملکی معاشی صورتحال کے باعث ملز مالکان فیکٹریاں بند ہونے کے ڈر سے پریشان ہیں۔ پاکستان اسٹیل انڈسٹری کا زیادہ انحصار امپورٹڈ اسکریپ پر ہے اور ایل سیز کئی ماہ سے کھل نہیں رہیں، لوکل اسکریب ضرورت پوری کر نہیں پارہا۔
سریا کی قیمت میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے جبکہ 13 ہزار کے بڑے اضافہ کے بعد سریا کی قیمت اڑھائی لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ اسٹیل ملز انتظامیہ نے بتایا کہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال کے باعث فیکٹریاں کچھ پہلے سے بند، کچھ بند ہونے کے قریب ہیں، ایل سیز کی بندش کے باعث کیمکلز بھی امپورٹ نہیں ہورہا۔
حکومتی حکام کے مطابق فوری ایل سیز کھولنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور اس میں وقت لگے گا جس سے بحران مزید بڑھ سکتا ہے۔
دوسری جانب امپورٹ بند ہونے کی وجہ سے خام مال کی عدم موجودگی کے باعث سریے کی قیمت ساتوں آسمان پر پہنچ گئی ہے۔ ایک سال میں سریا کی فی ٹن قیمت میں اچانک اضافہ ہوگیا، جبکہ ایک سال قبل فی ٹن ایک لاکھ 50 ہزار روپے میں ملنے والا سریا اب 2 لاکھ 48 ہزار تک پہنچ گیا۔ سریا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے دکانداروں کے ساتھ ساتھ خریدار بھی پریشان ہیں جن کا کہنا ہے کہ اپنا گھر تعمیر کرنا اب صرف غریب کیلئے نہیں بلکہ امیر کیلئے بھی خواب بنتا جارہا ہے۔ دکانداروں اور خریداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خام مال کی امپورٹ بحال کرکے سریا کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔