توشہ خانہ کیس، عمران خان نااہل ، تین سال قید ایک لاکھ روپے جرمانہ
اسلام آباد : اسلام آباد کی سیشن کورٹ کے جج نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید کی سزا سنا دی ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے ہفتہ کی دوپہر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات جمع کروائیں۔ ملزم کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ہیں۔‘
سیشن جج نے ہفتہ کو دو مرتبہ سماعت میں وقفہ لینے کے بعد 12 بجے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ساڑھے 12 بجے فیصلہ سنائیں گے۔
محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ ’ملزم نے اثاثے جان بوجھ کر چھپائے، تحائف سے متعلق غلط بیانی کی گئی جس سے بددیانتی ثابت ہوتی ہے۔‘
اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جمعہ کو ہونے والی سماعت کے دوران دو مرتبہ وقفہ لینے کے بعد سیشن جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے وکلا کی غیرحاضری پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عدالت فیصلہ آج ہی ساڑھے بارہ بجے سنائے گی۔‘
فیصلہ محفوظ کرنے سے قبل سیشن جج ہمایوں دلاور نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے وکلا کے پیش ہونے کے لیے سماعت میں دو بار وقفہ لیا تاہم عمران خان کے وکلا عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ میں ہفتہ کو ہونے والی سماعت کے آغاز میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور کا کہنا تھا کہ متعدد بار کیس کال کیا گیا لیکن ملزم کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔
سماعت 12 بجے دوبارہ شروع ہوئی تو وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہا کہ ’نیب کورٹ میں ہمارا بندہ ساڑھے 11 بجے گیا تھا۔ نائب کورٹ نے بتایا کہ نہ ملزم پیش ہوا ہے نہ کونسل پیش ہوا ہے۔‘
وکیل الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ ’اس عدالت سے غلط بیانی کی گئی ہے، عدالت کو بتایا گیا تھا کہ خواجہ حارث نیب کورٹ میں مصروف ہیں۔‘
بعد ازاں جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ساڑھے 12 بجے فیصلہ سنائیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے دائر درخواستوں میں سابق وزیراعظم کے خلاف اس مقدمے میں فوجداری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعے کو سیشن کورٹ سے کیس دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا کہا تھا۔
دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے گذشتہ روز کے فیصلوں کے خلاف عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
چئیرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ’اسلام آباد ہائی کورٹ کا درخواستوں پر فیصلہ درست نہیں، اس کا جائزہ لیا جائے۔‘